بسم اللہ الرحمن الرحیم
مقد مہ : فضیلۃ الشیخ عبد المحسن بن محمد القاسم
اما م و خطیب مسجد نبوی شریف
الحمد للہ ، والصلاة و السلام علی رسول اللہ ، و علی آلہ و صحبہ و من تبعھم بٳحسان ٳلی یوم الدین ـ و بعد ،
اسلام امن و چین کا دین ہے ، اللہ تعالی نے ساری دنیا میں اس کی اشاعت کا حکم دیا ہے ، اس کے نور سے عرب و عجم ضیا پاتے ہیں ، تمام اقوام تک اس کا پیغام پہنچانا ضروری ہے اور اس کے علاوہ ہر دین ناقابل قبول ہے ،ارشاد باری تعالی ہے : " و من یبتغ غیر الٳسلام دینا فلن یقبل منہ و ھو فی الآخرة من الخاسرین " اور جو کوئی اسلام کے علاوہ کسی اور دین کو اختیار کرے گا تو وہ اس سے قبول نہیں کیا جاۓ گا اور وہ آخرت میں نقصان اٹھانے والوں میں سے ھو گا ـ
زمانۂ رسالت میں لوگوں کی رھنمائی کے لۓ مختلف طریقے اپناۓ گۓ ، کبھی دعاة و مبلغین بھیجے گۓ تو کبھی وعظ و نصیحت اور خطبہ و ارشاد سے کام لیا گیا اور کبھی خط و کتابت کو اختیار کیا گیا ـ دور حاضر میں انتہائی دور دراز مقامات تک بھی کم از کم وقت میں بات پہنچانا آسان ھو گیا ہے جہاں تک پچھلے زمانے میں بات پہنچانے کا کوئی راستہ اور وسیلہ نہیں تھا ـ
اہل اسلام اپنی ھفتہ واری عید ( جمعہ) میں جمع ھوتے ہیں اور ایسے خطبہ کے ذریعے جو مختصر الفاظ ، وسیع معانی اور دلنشین اسلوب پر مشتمل ھوتا ہے ، دینی تعلیمات اور شرعی احکام سے واقفیت حاصل کرتے ہیں۔ حرمین شریفین کے خطبوں کی اہل ایمان کے دلوں میں ایک خاص قدر و قیمت ہے ، جہاں عرب اور عربی دان حضرات ان کے الفاظ کے سحر میں کھو جاتے ہیں وہیں غیر عرب ان کے زیر و بم پر ھمہ تن گوش ھوتے ہیں اور دلوں کی گہرائیوں سے ان کو سمجھنے کے لۓ بے تاب و مشتاق رہتے ہیں ـ
ساری دنیا کے مسلمان بھائی بھائی ہیں ـ اگر چہ ان کے درمیان کتنی ہی دوریاں اور مسافتیں ھوں ـ لھذا مسلمانان عالم کی شیرازہ بندی ، یکساں فہمی اور تشنگی کو دور کرنے کے لۓ ھم ہر جمعہ حرمین شریفین کے منبروں پر دیۓ جانے والے خطبوں کے ترجمے عالمی زبانوں میں پیش کر رہے ہیں تا کہ ہر مسلمان ان کے مطالب سے آگاہ ھو سکے اور ان پر عمل کر کے خوش نصیبی حاصل کر سکے ـ
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مسلمانوں کو یک جاں فرما دے اور حق پر ان سب کو جمع فرما دے بے شک یہ اسی کے بس میں ہے اور وہی اس پر قادر بھی ہے ـ
و صلی اللہ و سلم علی نبینا محمد و علی آلہ و صحبہ ٲجمعین